سانحہ ماڈل ٹاؤن: نوازاور شہباز کی طلبی کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

پاکستان عوامی تحریک نے نواز شریف اور شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں بلانے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی۔ درخواست میں نوازشریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویزرشید، عابد شیر علی، چوہدری نثار، توقیر شاہ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں لاہورہائی کورٹ اورٹرائل کورٹ کا فریقین کو عدالت میں نہ بلانے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ماڈل ٹاوٴن سے رکاوٹیں ہٹانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا، اس موقع پر 10 معصوم لوگوں کی جانیں لی گئیں، سپریم کورٹ فریقین کو طلب کرنے کا حکم صادر کرے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیریٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نےمیڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے جو کیس عدالت میں چل رہا ہے اس حوالے سے حکومت ہمارے ساتھ کوئی تعاون نہیں کرسکتی، کیس کی راہ میں بڑی رکاوٹ بیوروکریسی ہے، بیوروکریٹ ایک دوسرے کے خلاف کارروائی نہیں کرتے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پراسیکیوٹرٹیم تبدیل کردی جس سے انصاف کا حصول آسان ہوگا۔