جعلی اکاونٹس کیس کی پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

جعلی بینک اکاونٹس کیس میں نیب نے پہلی پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ، نیب حکام نے سربمہر لفافے میں رپورٹ جمع کرائی۔

نیب حکام نے جعلی بنک اکاونٹس کیس کی ابتدائی پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ۔ رپورٹ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے تیار کی ۔

سات جنوری کو سپریم کورٹ نےجعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ نیب کو بھجوایا تھا جس کے بعد بائیس جنوری کو چئیرمین نیب نے جعلی بنک اکاونٹس کی تحقیقات کے لئے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی صدارت میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔

جعلی بنک اکاونٹس کیس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ نے نیب کو دو ماہ کا وقت دے رکھا ہے ۔ جبکہ نیب کو ہر پندرہ دن کے بعد پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد جعلی بنک اکاونٹس میں نامزد ملزمان کے خلاف اگر کوئی ریفرنس بنا تو نیب ریفرنسز دائر کرے گی۔