بھارتی ترنگا لہرانے والا اسکول کیا کرتا رہا- تمام برانچیں بند

https://www.facebook.com/ummat.com.pk/videos/1070073176505497/

کراچی میں ترنگا لہرا کر بھارتی گانے پر ٹیبلو پیش کروانے والے ماما بے بی کیئر اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔اسکول کی دیواروں پر نوٹس چسپاں کردیئے گئے۔

دوسری جانب اسکول انتظامیہ غائب ہے اور اپنے موبائل فون بھی بند کردیئے ،جبکہ رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے والدین میں تشویش پائی جاتی ہے ۔

ماما بے بی کیئر اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے 10فروری کو اسکول میں تقریب میں بھارتی گیت ‘‘پھر بھی دل ہے ہندوستانی ’’ پر طلبہ سے ٹیبلو کروایا گیا ۔ اس دوران عقبی اسکرین پر ترنگا لہرایا جاتا رہا ،جبکہ رقص کرنے والے طلبہ کے گلے میں بھارتی پرچم کے رنگ کے دوپٹے بھی ڈالے گئے تھے ۔ اس تقریب کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ۔

ڈائریکٹوریٹ انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ کہ رجسٹرار رافیعہ جاوید نے اسکول مالک و پرنسپل کے نام مکتوب لکھ کر ان سے اس پروگرام کے بارے میں استفسار کیا کہ آپ نے اسکول میں ایک غیر ملکی گانے پر طلبہ سے رقص کرایا اور وہاں بھارتی پرچم بھی سامنے لایا جاتا رہا ،اس پر وضاحت پیش کریں ۔ بصورت دیگر 3روز میں اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی ۔

تاہم اسکول انتظامیہ کا کوئی بھی فرد ڈائریکٹر کے سامنے پیش نہیں ہواجس کے بعد گزشتہ روز ڈی جی پرائیویٹ اسکول ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے مذکورہ اسکول کی تمام برانچز کی رجسٹریشن کو منسوخ کردی اور افسران نے نوٹسز اسکول کی دیوار کے باہر لگا دیئے ہیں۔

کراچی میں ماما بے بی کیئر اسکول کی 3 برانچیں ہیں اور ان تینوں کی رجسٹریشن پہلے معطل کرنے کے بعد منسوخ کردی گئی۔

ادھر اسکول انتظامیہ نے اپنے تمام موبائل نمبر بھی بند کردیئے ہیں ،کیوں کہ والدین کے علاوہ افسران کی جانب اسکول سے مسلسل رابطے کئے جارہے تھے ۔ اسکول کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کرتے ہوئے والدین کو مخاطب کیاہے کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور اس پر کان نہ دھریں ،ہم نے دیگر ممالک کے حوالے سے بھی طلبہ کو آگاہی دی تھی ،تاہم ا س کو غلط رنگ دیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد محکمہ ایجوکیشن سندھ برٹش کونسل کو بھی خط لکھے گا ،جس کے بعد برٹش کونسل میں طلبہ و طالبات کے اے اینڈ او لیول کے فارم وصول نہیں کئے جائیں گے ۔