سعودی ولی عہد کی آمد پر اسلام آباد میں دفاتر بند- سپریم کورٹ کھلی رہے گی

سعووی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 18 فروری کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ جبکہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی سینیٹ ملازمین کو بھی چھٹی دیدی۔

تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو عدالت عظمیٰ کھلی رہے گی، مقدمات سنے جائیں گے، وزارت داخلہ وکلا اور سائلین کے عدالت تک پہنچنے کا انتظام کرے۔

ہفتہ کو وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق پیر 18 فروری کو وفاقی دارالحکومت میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے، صرف ضروری عملہ آئے گا۔ نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیر کو عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے،  سرکاری اور نیم سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔

 

سعودی ولی عہد کی آمد پر سرکاری دفاتر بند رکھنے کا نوٹی فکیشن
سعودی ولی عہد کی آمد پر سرکاری دفاتر بند رکھنے کا نوٹی فکیشن

ادھر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کی آمد پر 18 فروری سینٹ ملازمین کو چھٹی دیدی،ترجمان سینٹ کا کہنا ہے کہ ملازمین کو آنے جانے میں مشکلات سے بچانے کیلئے چھٹی دی گئی ،ایوان بالا کے ملازمین اب منگل کو ڈیوٹی پر آئیں گے۔

تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کو عدالت عظمیٰ کھلی رہے گی اور کاز لسٹ کے مطابق مقدمات سنے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ  وکلا، سائلین اور سپریم کورٹ کے عملے کو عدالت تک پہنچنے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے انٹری پوائنٹس پر مدد دے گی۔