ایسا ہی ایک فضائی حملہ 3 روز قبل بھی کیا گیا تھا۔فائل فوٹو
ایسا ہی ایک فضائی حملہ 3 روز قبل بھی کیا گیا تھا۔فائل فوٹو

صومالیہ میں امریکی فضائی حملےمیں الشباب کے 35 جنگجو ہلاک

صومالیہ میں امریکی فضائیہ کے حملے میں شدت پسند تنظیم الشباب کے 35 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج نے صومالیہ کے نواحی علاقے میں فضائی حملے کیے، ان حملوں میں شدت پسند تنظیم الشباب کے 35 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا۔

فضائی حملے میں متعدد جنگجو زخمی بھی ہوئے جنہیں گرفتار کرنے کے لیے بری فوج چھاپہ مار کارروائی کررہی ہے، صومالی حکومت کی درخواست پر امریکی فوج شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی میں معاون و مددگار ہے۔
امریکی فوج نے کہا ہے کہ ہم اپنے اتحادی کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، فضائی حملہ جنگجوؤں کے ایک ٹھکانے سے دوسرے ٹھکانے کی جانب منتقلی کے دوران کیا گیا، ایسا ہی ایک فضائی حملہ 3 روز قبل بھی کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صومالیہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے، 2016ء میں 15، 2017ء میں 35 اور 2018ء میں 47 فضائی حملے کیے گئے، رواں برس 22 امریکی فضائی حملوں میں 180 جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔