انرجائزر فون کی فوٹو (فوٹو فائل)

پاور بینک سے بھی بڑی 18000 ایم اے ایچ کی فون بیٹری

اب صارفین کو بار بار اپنا اسمارٹ فون چارچ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ دنیا کی بڑی بیٹری کمپنی انرجائزر نے صارفین کی یہ مشکل ختم کرنے کے لئے 18000 ایم اے ایچ بیٹری والااسمارٹ فون جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بارسلونا میں ہونے والے موبائل ورلڈ کانگریس 2019 میں انرجائزر کمپنی اب دنیا کا سب سے دلچسپ فون پیش کرنے جا رہی ہے جس کی بیٹری 18000 ایم اے ایچ ہوگی جس کی وجہ سے یہ فون عام موبائل فون کے مقابلے میں تین گنا زیادہ موٹا بھی ہوگا۔

انرجائزر کی جانب سے پیش کیا جانے والے پاور فون پی کے 18 پوپ میں اپنی پاورفل بیٹری کے علاوہ اور بھی خصوصیات ہونگی، جن میں موبائل فون کی ایل سی ڈی کا سائز 6.2 انچ ہوگا، اس کے علاوہ اس فون کے بیک پر 12، 5 اور 2 میگا پکسل پر مشتمل تین کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جبکہ سیلفی کے لیے ڈوئل کیمرا پوپ اپ سیٹ اپ دیا گیا ہے جن میں سے ایک 16 اور دوسرا 2 میگا پکسل کیمرا ہے۔ اس کے علاوہ موبائل فون کا اسٹوریج 128 جی بی جبکہ ریم 6 جی بی ہوگی، موبائل فون کا پراسیسر میڈیا ٹیک ہیلیو پی 70 ہوگا جبکہ اینڈرائڈ ورژن 9.0 ہوگا۔

کمپنی کے مطابق 18000 ایم اے ایچ بیٹری والا یہ اسمارٹ فون کسی بھی عام موبائل فون کے مقابلے 7 گنا زیادہ چلے گا، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سنگل چارج پر لگاتار 48 گھنٹے تک ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں جبکہ اسٹینڈ بائی موڈ پر اس فون کو 50 دن تک دوبارہ چارج کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔ اس کے علاوہ اس فون کو دیگر ڈیوائسز کو چارج کرنے کے لیے بطور پاور بینک بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق فون میں فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے لیکن اس کے باوجود بھی بیٹری کو مکمل چارج کرنے کےلئے 8 گھنٹے چارچ کرنے کی ضرورت ہے۔

لیکن ان تمام خصوصیات کے باوجود اس موبائل فون کو موبائل ورلڈ کانگریس کے سب سے موٹے فون کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جو کہ تصویر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے، موبائل فون کی موٹائی دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا وزن بھی عام موبائل فون کے مقابلے بھاری ہوگا۔

کمپنی کے مطابق یہ فون موسم گرما میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور قیمت کا اعلان بھی اسی وقت ہوگا۔