پاک بھارت کشیدگی کے باعث سندھ میں کنٹرول روم قائم

وزارت داخلہ سندھ نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی کنٹرول روم قائم کردیا۔

محکمہ داخلہ سندھ میں قائم کیے جانے والے صوبائی کنٹرول روم کا انچارج ایڈیشنل سیکریٹری برائے داخلی سلامتی سیف اللہ ابڑو کو مقرر کیا گیا ہے۔ کنٹرول روم کو صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی نمائندگی اور معاونت حاصل ہوگی۔

حکومت سندھ کے ماتحت تمام محکمے، اتھارٹیز، خودمختار ادارے، کارپوریشنز، ایجنسیز اور لوکل کونسلز کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم کو دیں گے۔

مفاد عامہ کے تمام اہم اداروں بشمول ریوینیو، پولیس، ہیلتھ، فوڈ، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اریگیشن، سول ڈیفنس، محکمہ توانائی وغیرہ کے ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، یہ ادارے اپنے کنٹرول رومز قائم کرینگے اور صوبائی کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژنز اور ڈسٹرکٹس میں کنٹرول روم قائم کریں گے اور صوبائی کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں تمام اداروں کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ اپنے پاس مکمل افرادی قوت اور تمام ضروری مشینری اور ساز و سامان تیار رکھیں گے۔

محکمہ بلدیات سندھ نے بھی پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تمام ذیلی اداروں کو ہائی الرٹ جاری کردیا۔

تمام اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے احکامات جاری کردیئے گئےاور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پانی کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔