امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی۔فائل فوٹو
امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی۔فائل فوٹو

دنیا بھر میں کرونا سے اموات دولاکھ 70 ہزار سے تجاوز

کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ  زائد ہو گئی جبکہ  دولاکھ 70 ہزار سے زائد افراد جہان فانی سے کوچ کر چکے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اورطاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست  دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 77 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اعداد و شمارکے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 56 ہزارسے زائد ہو گئی   مزید 213 افراد کی جان لے لی اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار958 سے زائد ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہہلاکتوں کی تعداد30ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔

فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 25 ہزار8 سو سے بڑھ گئی ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار275 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 68 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔

ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 افرادموت کی نیند سو گئے  جس کے بعد  اموات کی تعداد تین ہزار 641 سے تجاوز کرگئی ہے۔

ایران میں کورونا کے سبب مزید 68 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا ہے جس کے بعد ملک میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار486سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ 3 ہزار135 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

برازیل میں مزید 465افراد لقمہ اجل بنے، تعداد 9 ہزار190 ہوگئی، بھارت میں مزید 92 کے بعد ہلاکتوں کی تعداد18سو تجاوزکرگئی۔