کانپورکے چڑیا گھر میں بند ایک بندر پر 250 لوگوں کو کاٹنے اورایک شخص کو قتل کرنے کا الزام ہے۔فائل فوٹو
کانپورکے چڑیا گھر میں بند ایک بندر پر 250 لوگوں کو کاٹنے اورایک شخص کو قتل کرنے کا الزام ہے۔فائل فوٹو

شرابی بندر کوعمر قید کی سزا سنادی گئی

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپورکے چڑیا گھر میں بند ایک بندر کو 250 لوگوں کو کاٹنے اور ایک شخص کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی گئی ہے، یہ بندر ساری عمر سلاخوں کے پیچھے رہے گا اور اسے رہا نہیں کیا جاسکے گا۔

ضلع مرزا پور میں کلوا نامی بندر ایک ماہر علم نجوم کا پالتو جانور تھا، نجومی اسے روزانہ شراب پلاتا تھا جس کی وجہ سے کلوا کو نشے کی عادت لگ گئی، جب نجومی مرا تو بندر کو شراب ملنا بند ہوگئی جس کی وجہ سے اس کا رویہ متشددانہ ہوگیا۔

اس اکیلے بندر نے مرزا پور میں 250 لوگوں کو کاٹ کر زخمی کیا جبکہ ایک شخص بندر کے حملے کی وجہ سے شدید زخمی ہوا اور چل بسا۔  بعد ازاں اس بندر کو چڑیا گھر انتظامیہ کی مدد سے بڑی مشکل سے قابو کیا گیا اور کانپور کے چڑیا گھر منتقل کردیا گیا۔

چڑیا گھر کے ڈاکٹر محمد ناصر کا کہنا ہے کہ 6 سالہ بند ر کو ایک الگ تھلگ پنجرے میں کئی مہینے تک رکھا گیا لیکن اس کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اب اس کو چڑیا گھر میں آئے ہوئے 3 سال ہوگئے ہیں اور اب یہ فیصلہ ہوا ہے کہ یہ ہمیشہ کیلئے پنجرے میں قید ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس بندر کو رہا کیا گیا تو یہ دوبارہ لوگوں کو نقصان پہنچانا شروع کردے گا۔