ائیر وائس مارشل عامر مسعود کو ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔فائل فوٹو
ائیر وائس مارشل عامر مسعود کو ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔فائل فوٹو

پاک فضائیہ کے 11 افسران کی اعلیٰ عہدوں پر ترقی

حکومتِ پاکستان نے پاک فضائیہ کے ایک ائیر آفیسرکو ائیر مارشل اور دس افسران کو ائیر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دیدی ۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق حکومت پاکستان نے ائیر وائس مارشل عامر مسعود کو ائیر مارشل کے عہدے پر ترقی دیدی جبکہ دس ائیر کموڈورزکو ائیر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ  کے مطابق جی ڈی پی برانچ سے ترقی پانے والے افسران میں ائیر وائس مارشل عامر رشید، ائیر وائس مارشل سید فواد مسعود حاتمی، ائیر وائس مارشل محمد جمال ارشد، ائیر وائس مارشل ظفر اسلم، ائیر وائس مارشل محمد سرفراز، ائیر وائس مارشل کاظم حماد اور ائیر وائس مارشل شکیل غضنفر شامل ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاک فضائیہ کی انجنئیرنگ برانچ سے ائیر وائس مارشل عرفان ظہیر، ائیر وائس مارشل آصف مقصود اور ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات بھی ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 13 مارچ کو پاک فوج کے پروموشن بورڈ کے اجلاس میں متعدد بریگیڈیئرز کی میجرجنرل کےعہدوں پرترقی دی گئی تھی۔