پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طورپر منایا جاتا ہے،فائل فوٹو
پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طورپر منایا جاتا ہے،فائل فوٹو

یوم بحریہ آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یوم بحریہ آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

جنگ ستمبرمیں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طورپر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

1965 کی جنگ میں بری اورفضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن آٹھ ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا، آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں آٹھ ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یومِ بحریہ کے موقع پر خصوصی دستاویزی فلم سرخرو ریلیزکردی گئی ہے۔ جو بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روکنے کی کامیاب کارروائی پر مبنی ہے۔ترجمان کے مطابق دستاویزی فلم سرخرو بہادر ہیروزکو فرائض کی ادائیگی میں سرخرو ہونے پر خراجِ تحسین ہے۔

واضح رہے کہ پاک بحریہ نے 4 مارچ 2019 کو بھارتی بحریہ کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا تھا۔ بھارتی بحریہ کی دراندازی کی یہ ناکام کوشش پلوامہ حملوں کے بعد پیدا کردہ کشیدگی کا تسلسل تھی۔