وزیراعظم نے ادویات کی اصلیت جانچنے کیلئے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ متعارف کرا دی

وزیراعظم نے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرنے اور عوامی مفاد کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

November 26, 2026 · قومی

وزیراعظم نے ادویات کی اصلیت جانچنے کیلئے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ متعارف کرا دی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت قومی صحت کی جانب سے تیار کردہ ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا باقاعدہ اجرا کردیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایپ کے ذریعے دوا کا پیکٹ اسکین کرکے اس کی اصلیت کی تصدیق بھی کی۔

ادویات کی ٹریکنگ کے لیے محفوظ دوا ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایپ کے ذریعے ادویات کی اصلیت، سرکاری قیمت، ایکسپائری اور دستیابی کی تصدیق ممکن ہوگی۔ جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے یہ ایک اہم ڈیجیٹل اقدام ہے اور پاکستان میں طبی سہولیات کے فروغ کے حوالے سے انتہائی شاندار لمحہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر ایسا قدم اٹھایا گیا ہے جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے محفوظ دوا ایپ کی تیاری پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال، شزا فاطمہ اور ان کی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزارت صحت، ڈریپ کی ٹیموں اور فارما انڈسٹری کے مالکان اور حکام کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آئی تھی۔ 2010-11 میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے، جہاں تصدیق ہوئی کہ مریضوں کو دی جانے والی ادویات دل کی بیماری کی نہیں بلکہ ملیریا کی تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔ اشرافیہ پاکستان کے مہنگے ترین اسپتالوں میں علاج کراسکتی ہے، جبکہ غریب عوام مشکل سے روٹی کماتے ہیں اور ان کے لیے ادویات حاصل کرنا انتہائی مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کے لیے برابر ہونی چاہئیں۔ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق ہونی چاہئیں تاکہ عوام کو سستی اور معیاری ادویات میسر آسکیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ محفوظ دوا منصوبہ عوامی تحفظ اور صحت کے نظام پر اعتماد کی بحالی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے تعاون سے اس منصوبے کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے۔