امریکی فوج تھک چکی ہے، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جلد ختم ہوگی، ایران
اہم بیان، پاسداران انقلاب کا دعویٰ، امریکی دباؤ ناکام ہوگا
امریکی فوج تھک چکی ہے، آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جلد ختم ہوگی، ایران
ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج شدید تھکن کا شکار ہو چکی ہیں اور آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جلد ختم ہو جائے گی۔ ایرانی حکام کے مطابق واشنگٹن کے لیے یہ محاذ جاری رکھنا اب انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی تھکن، بڑھتے ہوئے مالی اخراجات اور خطے میں تعینات امریکی افواج کی کارکردگی میں کمی بالآخر امریکا کو ایران کی ناکہ بندی ختم کرنے اور اپنی افواج واپس بلانے پر مجبور کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو ابتدا میں توقع تھی کہ وہ چند دنوں میں ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گا، لیکن امریکی حکام کو جلد احساس ہو جائے گا کہ ان کی حکمت عملی مکمل طور پر بے سود ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایرانی افواج خلیج فارس کے جنوبی ساحلوں اور جزائر پر ملکی سرحدوں کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں اور اس دوران آبنائے ہرمز پر دشمن کے متعدد ڈرونز بھی تباہ کیے گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں ایرانی مسلح افواج کی نمایاں تکنیکی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
حسین محبی نے زور دے کر کہا کہ ایران کی مسلح افواج اسلحے، وسائل اور حوصلے کے اعتبار سے مکمل طور پر تیار ہیں، اور ملک میں میزائلوں کی تیاری کا سلسلہ کبھی نہیں روکا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کے ذخائر کے معاملے میں ایران کی پوزیشن امریکا سے کہیں بہتر ہے جبکہ ایرانی افواج اپنے میزائلوں کی طاقت اور ہدف تک رسائی کی درستگی میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔