ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی،کمیٹی اپنی تجاویز ڈپٹی کمشنرکو پیش کرے گی
ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی،کمیٹی اپنی تجاویز ڈپٹی کمشنرکو پیش کرے گی

برنس روڈ کو باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ بنانے کا فیصلہ

شہر قائد کے معروف علاقے برنس روڈ کو حکام نے باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کراچی میں انواع و اقسام کے کھانوں کا مرکز کی پہچان رکھنے والے برنس روڈ پر لذیذ کھانوں کے شائقین کا تانتا بندھا رہتا ہے جس کی وجہ اسے شہر کی فوڈ اسٹریٹ بھی کہا جاتا ہے تاہم اسے باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی کے ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے نو رکنی کمیٹی اپنی تجاویز ڈپٹی کمشنرکو پیش کرے گی۔
برنس روڈ فوڈاسٹریٹ کی صفائی اور سیوریج کے مسائل فوری حل کیے جائیں گے اور قدیمی عمارتوں کو رنگ و روغن کرکے مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ فوڈاسٹریٹ میں استعمال ہونے والے فرنیچر اور سائن بورڈز کےڈیزائن تیار کیے جائیں گے، فوڈ اسٹریٹ کے اطراف خوبصورت روشنیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کیلئے فٹ پاتھ پر فینسی ٹائلز لگائے جائیں گے اور شام کے اوقات میں برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ ٹریفک فری ہوگی، عام ٹریفک کے سڑکوں کا تعین اور کار پارکنگ کیلئے جگہ کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہر کے مرکزی علاقے صدر کے نزدیک واقع برنس روڈ کو دیسی و ثقافتی کھانوں کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں لذیذ و مزیدار کھانوں کے کئی چھوٹے بڑے ریستوران قائم ہیں۔ شام ہوتے ہی یہاں کھانا کھانے آنے والوں اور خریدنے والوں کا رش لگ جاتا ہے جو رات گئے تک جاری رہتا ہے۔