ولائتی شراب کا اسٹاک ڈیفنس اور کلفٹن میں واقع بنگلوں اور دکانوں میں ذخیرہ، واٹس ایپ کے ذریعے گاہکوں کو سپلائی کیا جاتا ہے
ولائتی شراب کا اسٹاک ڈیفنس اور کلفٹن میں واقع بنگلوں اور دکانوں میں ذخیرہ، واٹس ایپ کے ذریعے گاہکوں کو سپلائی کیا جاتا ہے

نئے سال کی آمد‘ ضلع جنوبی میں آن لائن شراب فروشی عروج پر پہنچ گئی

کراچی: ضلع ساؤتھ میں موجود ولائتی شراب فروخت کرنے والے گروہ نے اپنا نیٹ ورک فعال کرلیا ہے۔ ضلع ساؤتھ کے 4حساس تھانو ں کی سرپرستی میں شہر بھر میں یومیہ لاکھوں روپے مالیت کی ولائتی شراب کی فروخت کی جارہی ہے۔
سال نو کی آمد کے پیش نظر مذکورہ گروہ نے ولائتی شراب کا اسٹاک ڈیفنس اور کلفٹن میں موجود بنگلوں اور دکانوں میں ڈمپ کرنا شروع کر دیا ہے۔
مذکورہ گروہ کی جانب سے مختلف برانڈ کی ولائتی شراب وٹس ایپ اور فون کے ذریعے گاہکوں کو ضلع ساؤتھ کے 10سے زائد مقامات پر سپلائی کی جاتی ہے۔
با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ ولائتی شراب بلوچستان اور کراچی میں واقع مختلف ممالک کی ایمبیسیوں سے اسٹاک خرید کر ڈیفنس کے علاقے میں موجود اپنے گوداموں میں ڈمپ کر تے ہیں اور ولائتی شراب کی فی بوتل 20ہزار سے لے کر 30ہزار روپے تک میں فروخت کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے مذکورہ گروہ نے ہیپی نیو ایئیر نائٹ میں ہونے والے ڈانس پارٹیوں اور مختلف پروگراموں کے لئے بھاری مقدار میں ولائتی شراب کا اسٹاک جمع کر رکھا ہے جوکہ سال نو کی رات شہر بھر میں موجود اپنے گاہکوں کو سپلائی کیا جائیگا۔
یاد رہے ماضی میں ولائتی شراب فروخت کرنے والا گروہ کا سرغنہ بدنام زمانہ ولائتی شراب کے بیوپاری شہباز کی سرپرستی میں ولائتی شراب فروخت کرتا تھا تاہم شہباز کی گرفتاری اور رہائی کے بعد سے اس کے کارندے کامران نے اپنا نیٹ ورک فعال کر رکھا ہے جوکہ نصف درجن سے زائد کارندوں پر مشتمل ہے اور ضلع ساؤتھ کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ولائتی شراب سپلائی کرتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے گروہ کا سرغنہ کامران ولائتی شراب کی فروخت کے ساتھ ساتھ آئس ،کرسٹل اور لڑکیوں کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے اور گزشتہ کئی عرصہ سے ضلع ساؤتھ میں موجود پولیس افسران کی سرپرستی میں اپنا دھندا چلا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ ولائتی شراب اپنے گاہکوں کوڈیفنس اور کلفٹن کے مختلف مقامات پر بلا کر سپلائی کرتا ہے جبکہ مزکورہ گروہ کی جانب سے ہوم ڈلیوری بھی دی جاتی ہے پر اس کی اضافی رقم وصول کی جاتی ہے۔