فولاد سے مضبوط عزیر کی صلاحیتوں پرمغربی دنیا بھی ششدر
فولاد سے مضبوط عزیر کی صلاحیتوں پرمغربی دنیا بھی ششدر

ناقابل یقین طاقتوں کا مالک پاکستانی بچہ

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک بچہ دانتوں سے سریا موڑنے کی طاقت سمیت مختلف حیرت انگیز صلاحیتوں کا مالک ہے جبکہ اس کے والد بھی ایسے طاقتور ہیں کہ جن کی نظیر ڈھونڈنی مشکل ہے۔
غلام فاروق اور ان کے بیٹے عزیر فاروق اتنے طاقتور ہيں کہ ان کے آگے اچھے اچھے پانی بھرتے نظر آتے ہیں، ان کے ہاتھ پتھر اور سینے فولاد جیسے مضبوط ہیں۔
والد کے تو خیر کیا ہی کہنے ان کا بیٹا عزیر بھی بڑی آسانی سے بھاری بھرکم ویگن کو کھینچ لیتا ہے جبکہ بلاکس اور فرائنگ پین کو موم کردینا تو اس کے لئے کوئی معنی ہی نہیں رکھتا۔ حتیٰ کہ یہ بچہ اپنی ناک سے ٹائر کی 2 ٹیوبس میں ہوا تک بھرلیتا ہے۔
ان دونوں باپ بیٹوں نے بیرون ملک بھی پرفارم کرکے دنیا پر پاکستانیوں کی دھاک بٹھائی ہے۔ کچھ عرصہ قبل یورپ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے وقت انہوں نے تماشائیوں کے دل تو موہ ہی لیے لیکن ان دونوں کے ایک مطالبے نے پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند کردیا۔
ان کا مطالبہ یہ تھا کہ ان کی پرفارمنس کے دوران ہال میں کسی مغربی دھن کے بجائے پاکستانی قومی گیت بجایا جائے اور ان کا وہ مطالبہ پورا بھی کیا گیا۔
وطن سے باہر جب ان کا وہ مطالبہ پورا ہوا تو دونوں باپ بیٹے کا سر فخر سے بلند ہوگیا تھا، پاکستان کی محبت کے جذبے سے سرشار غلام فاروق اپنی اس وقت کی کیفیت بتاتے ہوئے رو پڑتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں ملک کی ان دو مایہ ناز اور آہنی شخصیات سے گفتگو کے علاوہ ان کی صلاحیتوں کے کچھ نمونے بھی پیش کئے گئے جو دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
غلام فاروق اور ان کے بیٹے عزیر کو ارباب اقتدار سے ایک شکایت ہے کہ انہیں حکومتی سطح پر کوئی سرپرستی حاصل نہیں، جس کے باعث وہ انگلینڈ اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں منقعد ہونیوالے شوز میں مدعو کیے جانے کے باوجود شرکت نہیں کرپاتے، کیونکہ ان کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ وہ یہ اخراجات برداشت کرسکیں۔