10 سالہ نبیہا سات بہن بھائیوں میں چھٹے نمبر پر تھی اور چوتھی جماعت کی طلبہ تھی
10 سالہ نبیہا سات بہن بھائیوں میں چھٹے نمبر پر تھی اور چوتھی جماعت کی طلبہ تھی

10سالہ بچی پانی کی موٹرمیں پھنس کرکرنٹ لگنے سے ہلاک

جوہر موڑ پر واقع اپارٹمنٹ کی رہائشی چوتھی کلاس کی طلبہ افطاری سے قبل اپارٹمنٹ کی پانی کی موٹرمیں پھنس کر کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی۔ متوفیہ کے با پ نے اپارٹمنٹ کے خلاف بچی کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 20 جوہرموڑ کے قریب واقع فراز ایونیو بلاک بی کے فلیٹ C-26 کے رہائشی غلام دستگیر کی 10 سالہ بیٹی نبیہا دستگیر گزشتہ روز افطار سے قبل گھر کا سودا سلف لینے گئی تھی ۔

نبیہا کا دوپٹہ فراز اپارٹمنٹ کے پانی کی موٹرمیں پھنس گیا۔ جس کی وجہ سے معصوم نبیہا کا سر بھی پانی کی موٹر کی طرف کھنچ گیا۔ اس کے بال بھی پانی کی موٹر میں پھنس گئے اور وہ کرنٹ لگنے سے اور سر پر چوٹ آنے سے شدید زخمی ہوگئی تھی اس کو آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ذخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی ۔

جبکہ آغا خان ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ اس حوالے سے بچی کے والد غلام دستگیرکا کہنا تھا کہ 10 سالہ نبیہا سات بہن بھائیوں میں چھٹے نمبر پر تھی اور چوتھی جماعت کی طلبہ تھی۔ معصوم بچی کی موت پر اس کی ماں حواس کھوبیٹھی ہے ۔ متوفیہ کے والد غلام دستگیرکا کہنا تھا کہ معصوم بچی کی موت کے ذمہ دار فراز ایونیو بلاک بی کی انتظامیہ  ہے ۔غلام دستگیر نے معصوم بچی کی موت کا  مقدمہ یونین کے عہدیداروں کے خلاف درج کرنے کیلئے شارع فیصل تھانے میں درخواست دے دی ہے۔