ہنگامہ آرائی کرنے والے چھ افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔فائل فوٹو
ہنگامہ آرائی کرنے والے چھ افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔فائل فوٹو

آزاد کشمیر انتخابات۔پیپلز پارٹی اورپی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم۔ 2افراد جاں بحق

کوٹلی:آزاد کشمیر میں الیکشن ڈے کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی او ر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے واقعے میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی پی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کا واقعہ ایل اے 12چڑھوئی میں پیش آیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت وحید کے نام سے ہوئی ہے اوراس کا تعلق پی ٹی آئی ہے۔

دوسری جانب راولا کوٹ کے حلقہ ایل اے 20ریڑبن میں ووٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کو تالے لگا دیے ہیں اور پولنگ عملے کو بھی اسٹیشن کے اندر داخل نہیں ہونے دیا جارہا ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے 150ووٹ دوسری جگہ منتقل کردیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے پولنگ بوتھ بند کردیا گیا ہے اور ووٹنگ کا عمل ابھی شروع نہیں ہو سکا، ہنگامہ آرائی کرنے والے چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پشاورمیں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 45 کے لیے قائم پولنگ اسٹیشن پر بدنظمی کی وجہ سے پولنگ روک دی گئی، پولیس نے پی ٹی آئی کے 2 اور آزاد امیدوار کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا، حالات کنٹرول کرنے کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔