وہ چند روز سے علیل اورنجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔فائل فوٹو
وہ چند روز سے علیل اورنجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔فائل فوٹو

روزنامہ امت کے مدیراعلیٰ رفیق افغان خالق حقیقی سے جا ملے

پاکستان کے معروف اردو اخبار روزنامہ امت کے مالک اورمدیراعلیٰ رفیق افغان مختصرعلالت کے بعدخالق حقیقی سے جا ملے۔

تفصیلات کے مطابق روزنامہ امت کے مالک اور مدیر اعلیٰ رفیق افغان چند روز سے علیل اورنجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے اورآج صبح رضائے الہی سے کراچی میں انتقال کرگئے۔

رفیق افغان روزنامہ امت کراچی کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیراعلی تھے۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے حمزہ افغان اور اسدافغان کو سوگوار چھوڑا ہے۔

ان کی نماز جنازہ ظہرکی نمازکے بعد ہل پارک کے قریب شہید مسجد الفتح میں ادا کی گئی جس میں مرحوم کے عزیزواقارب،دوست احباب،سماجی و سیاسی رہنمائوں، روزنامہ امت کے اسٹاف اورخیر خواہوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ ہزراوں سوگواروں کی موجودگی میں میوہ شاہ قبرستان میں سپرخاک کردیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی وفات پراظہار تعزیت کیا ہے ۔

ملک بھر سے سیاسی  وسماجی رہنمائوں کی جانب سے رفیق افغان کی اچانک رحلت پراظہارافسوس اور تعزیت کا اظہارکیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ رفیق افغان نے صلاح الدین شہید کے صحافتی مشن کو آگے بڑھانے میں عمر وقف کردی –

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے محبت رکھنے والے پختہ نظریاتی وابستگی پر کاربند صحافی تھے رفیق افغان نے پاکستانی صحافت میں ایک نئے روزنامے کا اضافہ کرکے اپنی قلمی اور انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا-

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین

امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے بھی روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی وفات پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔