آگ برساتا سورج اور شدید گرمی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔فائل فوٹو
آگ برساتا سورج اور شدید گرمی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔فائل فوٹو

اورنگی ٹائون شاہ ولی اللہ نگر میں پانی کی شدید قلت۔عوام سراپا احتجاج

کراچی:حکومت کی نااہلی اوردو ماہ سے پانی کی عدام فراہمی نے اورنگی ٹائون کے شہریوں کو آٹھ آٹھ آنسورلا دیا، دوسری جانب پانی کی قلت کے باعث ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی،پانچوں انگلیاں گھی اورسر کڑاہی میں ہے،پانی کی کمی کا شکار پریشان شہری مہنگے داموں واٹرٹینکر خریدنے پر مجبورہیں۔

اورنگی ٹائوں سیکٹرساڑھے گیارہ شاہ ولی اللہ نگر میں دو ماہ سے پانی نہیں آیا،علاقہ تھرکا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں،بچے ،بوڑھے اور خواتین سارا سارا دن پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں مگر پانی نہ دارد جبکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ واٹر بورڈ کا عملہ ملی بھگت سے دوسرے علاقوں کو مسلسل پانی فراہم کر رہا ہے۔

عوام کی جانب سے انتظامیہ کے خلاف کئی بار احتجاج کیا جا چکا لیکن اس کے باوجود واٹر بورڈ کے ذمےداران حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، آگ برساتا سورج اور شدید گرمی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔

اورنگی ٹاؤن شاہ ولی اللہ نگرکے مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 2اگست کوپانی آیا تھا اس کے بعد سے لائنوں میں پانی نہیں آرہا۔ غریب اور محنت کش طبقہ مہنگے داموں ٹینکر خرنے سے قاصرہے، واٹر بورڈ کے مراکز شکایت غیر فعال ہیں جبکہ ایم ڈی سمیت اعلیٰ افسر صورتحال کا نو ٹس لینے کیلیے تیار نہیں۔

مکینوں کا کہا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، واٹر بورڈ اور سندھ حکومت عوام کو پانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہیں،پانی کی قلت کا شکار شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری نوٹس لے کر پانی فراہمی یقینی بنائے تاکہ سخت گرمی اور حبس میں شہریوں کی پریشانی دورہو۔