ٹرانسپورٹ کرائے مہنگے ہونے پر شہری مشتعل
ٹرانسپورٹ کرائے مہنگے ہونے پر شہری مشتعل

پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرائے ازخود بڑھا دیئے- مسافروں سے جھگڑے

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہونے کے بعد کراچی کی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا، اضافی کرایہ وصول کرنے پر بس ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کے شہریوں سے لڑائی جھگڑے  ہونے لگے،گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوجانے سے شہریوں میں شدید اشتعال پھیل گیا ہے۔ کم سے کم کرایہ 10 سے بڑھا کر 20 روپے کر دیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ شہر میں ڈھائی ہزار پبلک ٹرانسپورٹ ہے ،

گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعدپیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے سے بڑھ کر 145 روپے 82 پیسے ہوگئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 134 روپے 48 پیسے سے بڑھ کر 142 روپے 62 پیسے ہوگئی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 5 روپے 72 اضافے کے بعد 108 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 114 روپے7 پیسے ہوگئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کراچی کی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا ہے۔

کراچی میں چلنے والی مسافر بسیں اور مزدا جن میں فور ایل بس ،ڈبلیو گیارہ ،X10، 4K،مشرق،ڈی 11، ڈٖی ون ، مسلم کوچ، سپر حسن زئی ، ڈی سیون سمیت دیگر مسافر بسیں اور کوچز ڈرائیورز نے کرایوں میں10 سے 15 روپے تک کا ازخود اضافہ کردیا ہے۔ گزشتہ روز شہریوں نے مسافر بسوں میں سفر کیا تو کنڈیکٹرز نے ان سے من مانا کرایہ وصول کیا جس پر شہری اور کنڈیکٹرز میں تلخ کلامی دیکھنے میں آئی۔

امت کو شہری محمد ریاض نے بتایا کہ گلشن معمار سے ٹاور پہلے 30روپے میں سفر کرتے تھے تاہم گزشتہ روز جب سفر کیا تو مجھ سے 50روپے وصول کیئے گئے ،کنڈیکٹر سے معلوم کیا تو اس نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی ہے ،ایک تو اجرت کم ہے اوپر سے آئے روز پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔محنت کش مزدور کی زندگی دن بدن پریشانی میں کٹ رہی ہے۔

اس حوالے سے امت کو آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے بتایا کہ ہم نے کوئی اضافہ نہیں کیا۔ ہم تو حکومت سے کئی بار کرایوں میں اضافہ کا کہہ چکے ہیں لیکن ہماری کوئی بات نہیں سنی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ جو بس ڈرائیورز اضافہ کرایہ وصول کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔