پی ڈی ایم آج دوپہر کو مہنگائی کیخلاف مظاہرہ کرے گی
پی ڈی ایم آج دوپہر کو مہنگائی کیخلاف مظاہرہ کرے گی

فضل الرحمان کراچی پہنچ گئے۔آج پی ڈی ایم کے پاور شو کی تیاریاں مکمل

آج کراچی میں پی ڈی ایم کی طرف سے بھرپور پاور شو کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور جلسے کی قیادت کے لئے مولانا فضل الرحمٰن بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔ ائیرپورٹ پرجے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد سومرو، مرکزی ترجمان اسلم غوری سمیت پارٹی رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا۔
کراچی ائیرپورٹ پرپارٹی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ موجودہ مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے عام آدمی کو میدان میں آنا ہو گا اور پی ڈی ایم ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ اس محاذ پر لڑنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک اور قوم کے مفادات کے بجائے آئی ایم ایف کے مفادات کی چوکیداری کررہی ہے، ہمیں غلام بن کر عالمی اداروں سے بات نہیں کرنی چاہیئے بلکہ ایک آزاد قوم کی حیثیت سے عالمی اداروں سے بات کرنا ہوگی لیکن 25 کروڑ کی آبادی کے اس ملک کی قیادت غلامانہ ذہنیت کی ہے تو عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہم نے میدان میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے صدر ریگل چوک میں احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے ،کنوینئرپی ڈی ایم سندھ مولاناراشدمحمودسومرو کا کہنا ہے کہ کراچی مظاھرے کو تاریخی بنانے کے لیے تمام جماعتوں کی قیادت اپنا کردار اداکرے گی،کراچی کے تمام اضلاع سے مظاہرے میں شرکت کے لیے ریلیاں ریگل چوک صدرپہنچیں گی۔
مسلم لیگ ن کے سید شاہ محمد شاہ،مفتاح اسماعیل،قومی وطن پارٹی کےسردار احمد خان،نیشنل پارٹی کے،مجید ساجدی ،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے بشیر مندوخیل،بلوچستان نیشنل پارٹی کے حمید ساجنا،جمعیت علماءپاکستان کے مستقیم نورانی،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رحمت اللہ کاکڑ،جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ترجمان محمداسلم غوری اورمولاناعبدالکریم عابد نے پی ڈی ایم کے تحت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج دوپہر دو بجے ریگل چوک صدر کراچی میں بڑے احتجاجی مظاھرے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ تین سالوں میں 20 ہزار ارب کے قرضوں کا اضافہ کردیا گیا ہے،حکومت عوام کے بجائے آئی ایم ایف کی ترجمانی کررہی ہے، موجودہ صورتحال پر سلیکٹر اور سلیکٹیڈ دونوں پر سوال آتا ہے،قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کے لئے گھروں سے نکلنا ہوگا۔
جے یوآئی کے مرکزی ترجمان کا کہنا ہے کہ مولانافضل الرحمن دو دن کراچی میں قیام کریں گے اورکراچی مظاہرے کی قیادت بھی کریں گے۔