اورنگی ٹاؤن میں 13سالہ لڑکی کی پر اسرار موت معمہ بن گئی

کراچی:شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 13سالہ لڑکی اپنے ہی گھر میں مردہ پائی گئی۔

پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 13 سالہ انوشہ دختراخترکے نام سے ہوئی ہے جس کے گلے میں دوپٹے کا پھندا لگا تھا۔

واقعہ کے وقت متوفیہ اوراس کا چھوٹا بھائی گھر پرتھے اور پڑوس میں متوفیہ کی نانی بھی رہائش پذیر ہیں اورانھوں نے بچی کی لاش دیکھ کراس کے گلے سے پھندا کھولا تھا۔

لڑکی کے گلے پر دوپٹا کسا ہوا تھا جس سے ایسا لگتا ہے کہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کا بتانا ہے کہ  لڑکی کی والدہ کچھ عرصہ پہلے انتقال کرچکی ہیں جبکہ والد پیشے سےکارپینٹر ہیں جو واقعے کے وقت گھرپرموجود نہیں تھے۔پولیس نے لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے ا ور تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

علاوہ ازیں متوفیہ کے چھوٹے بھائیوں سے صحافیوں کو بتایا کہ ایک لڑکا گھرپرآیا تھا اوربہن کو زمین پر لٹا کر گلا دبا رہا تھا جو چڑھائی کی جانب سے آیا تھا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا بچوں کے بیان میں جو انکشاف کیا گیا ہے اس پر پولیس نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں لیکن کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

ڈی ایس پی جعفر بلوچ نے بتایا کہ لاش کے ابتدائی معائنے میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے ہیں جبکہ وقوعہ سے بھی ایسے شواہد نہیں ملے جس سے یہ کہا جا سکے کہ متوفیہ نے خودکشی کی ہے جبکہ گردن کی ہڈی ایک جانب سے ٹوٹی ہوئی پائی گئی اور شبہ ہے کہ انوشہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔