قیمتیں اگلے بجٹ تک نہیں بڑھائی جائیں گی۔

پٹرول، ڈیزل 10، بجلی 5 روپے سستی، آئی ٹی سیکٹر کیلیے 100 فیصد ٹیکس چھوٹ کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10، 10 روپے فی لٹر جب کہ بجلی کی قیمت میں پانچ روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان دونوں چیزوں کی قیمتیں اگلے بجٹ تک نہیں بڑھائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کیلیے بھی 100 فیصد ٹیکس چھوٹ کا اعلان کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے سیکٹر میں کمپنیوں اور فری لانسرز کو 100فیصد ٹیکس چھوٹ ہو گی جبکہ اس شعبے میں سٹارٹ اپ پر سرمایہ کاری کرنے والوں کو کیپٹل گین ٹیکس میں 100فیصد چھوٹ ہو گی۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اگلے دو سالوں میں نو جوانو اور کسانوں کو 407ارب روپےکے سبسڈائزڈ قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال مارچ تک سندھ کے علاوہ باقی پاکستان میں تمام شہریوں کو دس لاکھ تک علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انڈسٹریل سیکٹر کے لیے اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے سوال نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اب لوگوں کو 12ہزار کی بجائے 14ہزار روپے دیے جائیں گے ۔

وزیر اعظم کے مطابق ان کا روس اور چین کا دورہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کا حصہ ہے کیونکہ آزاد ملک اپنے عوام کے فائدے کیلئے فیصلے کرتے ہیں، اگر ہماری خارجہ پالیسی پہلے آزاد ہوتی تو کسی صورت امریکہ کی جنگ کا حصہ نہ بنتے۔