وفاقی وزیر ساجد طوری نے طلبہ کے والدین سے رابطہ کرکے واپسی سے متعلق آگاہ کیا(فائل فوٹو)
وفاقی وزیر ساجد طوری نے طلبہ کے والدین سے رابطہ کرکے واپسی سے متعلق آگاہ کیا(فائل فوٹو)

کابل میں لاپتہ 4 پاکستانی طلبہ بحفاظت واپس آگئے

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیزساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 7 روز قبل لاپتہ ہونے والے طلبا بحفاظت واپس آگئے ہیں، جب کہ طلبا کے اہلخانہ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

ایک بیان ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ طلباء کے والدین سے رابطہ کیا گیا، جس میں ان کی بحفاظت واپسی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ عید الاضحیٰ کے روز سے لاپتہ چار پاکستانی طلباء بحفاظت اپنی یونیورسٹیوں میں واپس آگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین نے بتایا کہ بچے بحفاظت یونیورسٹیوں میں پہنچ گئے ہیں، تعاون پر تمام متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طلباء کی بازیابی میں پاکستانی وزارت خارجہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ مذکورہ طلبا کے والدین کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ وفاقی وزیرکی انتھک کوششوں سے بچے بحفاظت اپنی یونیورسٹیوں میں واپس پہنچ گئے ہیں۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی جانب سے معاملہ افغان حکام و دیگر کے ساتھ اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔وفاقی وزیر کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔