ایشیا کپ: نامناسب رویے پر آصف علی اور فرید احمد پر جرمانہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے سپر فور میچ میں نامناسب رویہ اپنانے اور تلخ کلامی پر پاکستان کے آصف علی اور افغانستان کے فرید احمد پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق آئی سی سی نے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے اور منفی پوائنٹ بھی دیے۔

 

آئی سی سی نے کہا کہ جب فاسٹ باؤلر فرید احمد نے آصف علی کو آؤٹ کیا اور بلے باز کے ساتھ نامناسب طریقے سے تلخ کلامی کی تو آصف علی بھی غصے میں آئے اور انہوں نے بھی بلے سے جارحانہ اشارے سے ردعمل دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آصف علی نے کھلاڑیوں اور عملے کے حوالے سے آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.6 کی خلاف ورزی کی، جو تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران فحش، جارحانہ یا توہین آمیز اشارے کرنے سے متعلق ہے۔

آئی سی سی نے بتایا کہ افغان باؤلر فرید احمد کو آرٹیکل 2.1.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے اور قانون بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی، میچ انتظامیہ، امپائر، میچ ریفری یا کسی دوسرے شخص (بشمول تماشائی) کے ساتھ نامناسب لہجہ اختیار کرنا یا ہاتھا پائی کے حوالے سے ہے۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنا جرم تسلیم کرلیا اور میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی تجویز کردہ پابندیوں کو قبول کرلیا ہے۔

 

اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک منفی پوائنٹ شامل کیا گیا ہے، تاہم دونوں کھلاڑیوں نے 24 ماہ کی مدت میں کوئی ایسا جرم نہیں کیا۔