بن ڈبل روٹی کی قیمت میں 10سے 20روپے تک کا اضافہ کردیا گیا،فائل فوٹو
بن ڈبل روٹی کی قیمت میں 10سے 20روپے تک کا اضافہ کردیا گیا،فائل فوٹو

آٹا مہنگا ہونے سے ڈبل روٹی سمیت بیکری اشیا بھی مہنگی

کراچی: شہر قائد میں آٹا مہنگے ہونے پر بیکری آئٹمز بن، پاپے، ڈبل روٹی اور ناشتے کے دیگر لوازمات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق بن ڈبل روٹی کی قیمت میں 10سے 20روپے تک کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد بڑی ڈبل روٹی 200روپے، درمیانی ڈبل روٹی 135روپے ،چھوٹی ڈبل روٹی 110روپے میں فروخت ہوگی۔

اسی طرح 15 روپے والا بن 20روپے میں فروخت ہوگا، پاپوں کے پیکٹ کی قیمت میں بھی 20روپے کا اضافہ کردیا گیا، جبکہ براؤن بریڈ کی قیمت 130سے بڑھا کر150روپے کردی گئی ہے۔فروٹ بن کی قیمت اضافے کے بعد 50 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بیکری آئٹمز بنانے والی کمپنیوں نے نئی پرائس لسٹ جاری کردی ہے۔حالیہ اضافے کے بعد غریب طبقے کے لیے ناشتے کا حصول بھی مشکل ہوجائے گا، دو بچوں پر مشتمل گھرانے کو انڈے ڈبل روٹی کا ناشتہ کرنے اور چائے کا ایک کپ پینے کیلئے400روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔

واضح رہے کہ ڈبل روٹی بنانے والی کمپنیوں نے ایک ماہ قبل بھی قیمتوں میں 10سے 20روپے کا اضافہ کیا تھا ایک ماہ کے وقفہ سے ایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ کردیا۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ڈبل روٹی پاپے بن وغیرہ کا وزن بھی کم سے کم ہوتا جارہا ہے اور قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ بیکری کی دیگر مصنوعات کھلے پاپے، بسکٹ، کیک رسک بیکری کی روٹی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے بسکٹ 160روپے پاؤ، پاپے 120روپے پاؤ فروخت ہونے لگے ہیں۔