کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران بوندا باندی کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مون سون کے تحت مزید بارشوں کا امکان ختم ہوگیا البتہ اگلے چند روز کے دوران سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔

 چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں اب مون سون کی مزید بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے، کراچی میں مون سون کا دورانیہ 15جولائی سے 15ستمبر پر محیط ہوتا ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3روز کے دوران شہر کا مطلع جذوی ابرآلود رہنے جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31سے 33ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے، تین روز کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طور پر بحال رہنے کی توقع ہے۔