کراچی میں  اسٹریٹ کرائمز سب سے بڑا مسئلہ ہے، آیڈیشنل آئی جی کا اعتراف

کراچی: ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے شہر قائد میں بڑھتے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی کے حوالے سے میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔ دونوں مل کر اسٹریٹ کرائمز کا قلع قمع کریں گے۔  کراچی میں پولیس نے 6600 کرمنلز گرفتار کیے ہیں۔ شہر میں اس وقت صرف 42 ہزار نفری موجود ہے، مزید بھرتیاں کرنی ہیں، جس کی سندھ حکومت نے اجازت دیدی ہے۔

گاڑی چوری کے تازہ واقعے پر انہوں نے کہا کہ اللہ والا ٹاؤن میں کار اٹھانے کے واقعے میں ملوث پولیس موبائل کی نشاندہی ہوگئی ہے۔ فوٹیج میں آنے والی موبائل اے سی ایل سی کی ہے۔ سادہ کپڑوں میں کارروائی کرنے والے اہلکاروں پر جرائم پیشہ عناصر ہونے کا شبہہ ہوتا ہے۔ واقعہ میں پولیس کوتاہی کی تحقیقات کررہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے اہالیان کراچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کی خدمت کے لیے پولیس کی نوکری میں دلچسپی ظاہر کریں۔ صوبائی حکومت جلد کراچی پولیس کو نئی گاڑیاں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ڈیٹا کے مطابق کراچی میں کرائم کا درجہ 106 سے گھٹ کر 128 نمبر پر آیا ہے۔