اسحاق ڈار 5 سال بعد احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آمدن سے زائد اثاث جات ریفرنس میں خود کو پانچ سال بعد احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج اسلام آباد میں احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے ، ان کے ہمراہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری بھی تھے، عدالت نے حاضری کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ان کا  پاسپورٹ منسوخ کیا گیا تھا جس کے باعث وہ عدالت پیش نہیں ہو سکے تھے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے عدم حاضری کی بنیاد پر اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے جنہیں گزشتہ ہفتے معطل کر دیا گیا تھا اور عدالت نے حکم دیا تھا کہ انہیں وطن واپس پر گرفتار نہ کیا جائے۔