شاہینوں کی بیٹنگ فلاپ،انگلینڈ67 رنز سے فتحیاب

لاہور(اُمت نیوز) قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔مہمان ٹیم نے آخری میچ میں 67 رنز کے بھاری مارجن سے قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔

210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی، اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان صرف 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے 4 اور محمد رضوان صرف ایک رن بناسکے، دونوں کو بالترتیب کرس ووکس اور ریس ٹوپلے نے آؤٹ کیا۔افتخار احمد اور شان مسعود نے 28 رنز کی شراکت بنائی جو افتخار کے آؤٹ پر ختم ہوگئی، انہوں نے 16 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں ڈیوڈ وِلی نے کیچ آؤٹ کروایا۔ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنائے گئے لیکن یہاں خوشدل شاہ 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اسکے بعد آصف علی 7 رنز اور محمد نواز 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ شان مسعود 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ محمد وسیم جونیئر 5 رنز بنا کر چلتے بنے۔

 خراب فیلڈنگ کی وجہ سے انگلینڈ کے بلے بازوں کو ایک نہیں بلکہ کیچ چھوٹنے کی وجہ سے تین مزید مواقع ملے جن کا انہوں نے بڑا اسکور بنانے کے لیے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوم گراؤنڈز پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔