نالے میں گرکرخاتون بچے کی ہلاکت پرکے ایم سی پر11کروڑہرجانے کا نوٹس

کراچی: نالے میں گرکرخاتون بچے کی ہلاکت پرکے ایم سی پر11کروڑہرجانے کا نوٹس جاری۔ تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت کے روبرو بارش کے دوران شادمان نالے میں گر کر خاتون اور بچے کی ہلاکت سے متعلق متاثرہ شہری  محمد دانش کی کے ایم سی و دیگر کے خلاف ساڑھے 11 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوے کی سماعت ہوئی۔

عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ 17 جولائی کو کے ایم سی کی غفلت سے میرے موکل کی اہلیہ ثمن اور 3 ماہ کا بیٹا اذلان جاں بحق ہوئے۔ کے ایم سی بروقت حفاظتی اقدامات کرتی تو حادثہ نہ ہوتا۔ کے ایم سی اور ڈی ایم سی ہلاکتوں کے براہ راست ذمے دار ہیں۔

وکیل نے دلائل میں مزید کہا کہ متعدد شکایات کے باوجود انتظامیہ نے کھلے نالے پر توجہ نہیں دی۔ کے ایم سی اور ڈی ایم سی کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کے ایم سی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے حکام سے 24 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔