پشاور میں گاڑی پر فائرنگ سے4افراد قتل، 2بچے زخمی

پشاور میں مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے 4 افرادقتل کردیا جبکہ  2بچے شدید زخمی ہوگئے۔

مقتولین کے ورثاء نے ڈی ایس پی صدر ڈویژن اور قائمقام ایس ایچ او ارمڑ کیخلاف مین جی ٹی روڈ پر ٹائر جلا کر کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا روڈ بندش کے باعث ٹریفک نظام شدید متاثررہا جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔

مظاہرین نے شدید ہنگامہ آرائی بھی کی پولیس کے مطابق جمعرات کے روز اقدام قتل کے مقدمہ میں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کروانے کے بعد گلاب شیر ولد خان شیر، جہانگیرخان ولد افسر خان اورقیصر خان ولد سبحان خان ساکنان ارمڑ پایان ڈرائیور شیراز ولد درویش سکنہ ارمڑ پایان کے ہمراہ واپس گاؤں جارہے تھے۔

راستہ میں ترناب کے قریب پہلے سے گھات لگائے مخالفین نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں چاروں افراد متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو راہگیر بچے8سالہ انس ولد عظیم خان اور 15 سالہ اویس ولد جبین ساکنان ترناب زخمی ہوگئے

ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی پولیس کے مطابق رات گئے تک مقدمہ درج نہ ہوسکا۔