استعفوں پر پی ٹی آئی وفد اور اسپیکر کی کل ملاقات ہوگی

اسلام آباد (امت نیوز نیوز) ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملہ پر پی ٹی آئی وفد اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان کل ساڑھے گیارہ بجے ملاقات  ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کے درمیان رابطہ ہوا۔

جس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر گفتگو ہوئی، اس موقع پر پی ٹی آئی وفد اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان کل ساڑھے گیارہ بجے ملاقات طے پائی ہے۔

اسپیکر سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد استعفوں کی تصدیق کی حکمت عملی طے کرے گا ۔ پی ٹی آئی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے دیگر ارکان میں عامر ڈوگر، اسدعمر، فواد چودھری، پرویز خٹک اور اسد قیصر شامل ہیں۔

دوسری جانب  قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کل مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس طلب کر لیا۔

زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی سے استعفوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا اس کے علاوہ اجلاس میں مزید اہم فیصلے ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق کل کے ہونے والے اجلاس میں پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے اعتماد کے ووٹ سمیت اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔