کراچی میں تیزاب گردی کے 2ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے

کراچی(امت نیوز)کراچی کے علاقے کورنگی میں دوبہنوں پر تیزاب پھینکنےکے دو ملزمان کو پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

جمعہ کی شب باغ کورنگی کے قریب ملزمان نے رشتے کے تنازع پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے تین بہن بھائی صائمہ ، سائرہ اور وقاص نامی نوجوان جھلس گئے تھے

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ واقعہ رشتے کا تنازع ہے اور ان کا عامر نامی لڑکے سے اس معاملے پر جھگڑا بھی ہوا تھا۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا نے بتایا کہ پولیس کو عامر اور اس کے ساتھی سہیل کی ملیر ندی کے قریب موجودگی کی اطلاع ملی جس پر پولیس پارٹی فوراً موقع پر پہنچی تو وہاں موجود دونوں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے جنھیں گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا

اس سے قبل واقعے کا مقدمہ بھائی محمد وقاص کی مدعیت میں کورنگی تھانہ صنعتی ایریا میں درج کیا گیا ۔

مدعی کے مطابق اس کی بہنیں ملازمت کرتی ہیں، وقوعے کے وقت وہ دونوں بہنوں کو ملازمت سے لے کر  آرہاتھا، موٹر سائیکل کا پیٹرول ختم ہونے پربہنیں پیدل ہی گھر کی طرف روانہ ہوگئیں اسی دوران موٹر سائیکل سوار افراد نے تیزاب پھینکا