کراچی: واٹرٹینک میں دھماکا، کارخانے میں آتشزدگی سے 6 زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں گھر کے پانی کے ٹینک میں پراسرار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی،جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ لیاقت آباد میں چپل کے کارخانے میں آگ لگنے کے باعث 2 ملازمین جھلس کر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے کورنگی ڈیڑھ نمبرمیں گھر کے پانی کے ٹینک میں پراسرار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی،جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے،جنہیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا،جبکہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی۔زخمیوں میں 75 سالہ ابراہیم ولد نواب،35 سالہ صائمہ زوجہ کامران 10سالہ نوید لیاقت اور ایک سالہ بچہ شامل ہے۔

دوسری جانب سپرمارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد نمبر دو میں قائم چپل کے کارخانے میں کام کے دوران آگ لگنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔فائربریگیڈ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔فائر فائٹرز نے فوری طور پر آگ پر قابو پایا،جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ایس ایچ او زاہد حسین کے مطابق زخمیوں میں 30سالہ دانش ولد حنیف اور 35سالہ حمزہ ولد عثمان کے نام ہوئی،جن کی حالت خطرے کے باہر بتائی جاتی ہے۔