کراچی : بجلی، پانی بندش کیخلاف 5 علاقوں میں مظاہرے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائدکے مختلف علاقوں میں پانی ، بجلی کی عدم فراہمی سے تنگ شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے، جس کے باعث بیشتر شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام رہا جبکہ ٹریفک جام میں پھنسے افرد کی حالت غیر ہوگئیں ۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے گودھرا میں پانی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کردی، جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا گاڑیوں  کی لمبی قطاریں لگ گئیں، منشتعل افراد نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، ٹیپو سلطان برج کے قریب اطراف کے مکینوں کی کثیر تعداد بجلی پانی کی بندش کے خلاف سراپا احتجاج ہوگئی، جس کے باعث شاہراہ فیصل اور بلوچ کالونی پل پر ٹریفک کا بد ترین دباؤ آگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، پولیس نے پہنچ کر مظاہرین کو مزاکرات کے بعد منتشر کیا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرایا۔

بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل بندش، گیس اور پانی کی عدم فراہمی پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد کنٹونمنٹ چورنگی صدر پر نکل آئی، مشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کیے ، مظاہرے کے باعث مزکورہ شاہراہ پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا، مظاہرے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اسی طرح کوریڈور تھری پیپلزسیکٹریٹ کے قریب بھی اطراف کے مکینوں نے مظاہرہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی بندش کردی گئ ہے، جس سے نظام زندگی معطل ہوکرر ہ گئی ہے ۔

مشتعل افراد نے سڑک کنارے کھڑی پرانی گاڑی اور موٹر سائیکل بھی جلا دی،کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ علاقہ مکینوں پر واجب الادا رقم ایک ارب 25 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے جس کے باعث علاقے کی بجلی بند کی گئی ہے۔