کراچی: چینی شہری کا بیگ چوری کرنیوالا ٹیکسی ڈرائیور گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڑی پور انویسٹی گیشن پولیس نے چائنیز باشندے کا سامان چوری کرنے والے آئن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ، ملزم نے چندروز قبل چینی باشندے کا بیگ چوری کرلیا تھا جس میں لیپ ٹاپ ، پاسپورٹ ، نقدی ، کریڈٹ کارڈ و دیگر قیمتی سامان تھا۔

تفصیلات کے مطابق 11جنوری کو چائنیز باشندے مسٹر Gaoxiongiie نے کراچی کے علاقے سی ویو سے ایک سفید کرولا کار بطور آئن لائن ٹیکسی بک کرائی تھی،چائنیز باشندہ مذکورہ کار میں تھانہ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے کے ساحل پر پہنچا اور سیر و تفریح کیلئے ساحل پر چلا گیا جبکہ ٹیکسی میں اپنا بیگ چھوڑ گیا ،بیگ میں چائنیز باشندے کے 1 لاکھ روپے نقد، ایک لیب ٹاپ، ایک موبائل فون، ایک پاسپورٹ، ویزا کارڈ اورچائنیز شناختی کارڈ موجود تھے جو کار ڈرائیور لے کر فرار ہوگیا تھا، جس کا مقدمہ ماڑی پور تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 07/2023 بجرم دفعہ 379 ت پ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق چائنیز باشندہ 10 روز قبل ہی تھائی لینڈ سے پاکستان آیا تھا،پولیس نے تکنیکی ذرائع کی مدد سے کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکر لیا،گرفتار ملزم کی شناخت قادر بخش ولد باسط کے نام سے ہوئی ہے،گرفتار ملزم کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والی کار نمبر BCC 900 اور چوری کیا گیا موبائل فون برآمد لیا گیا ہےْ

ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے چوری کی گئی رقم سے موبائل فون خریدنے اور کریڈٹ کارڈ سے 7 لاکھ روپے نکال کر طلائی زیوارات خریدنے کا انکشاف کیا،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔