بدین کے مختلف علاقوں سے3 لفٹرز سمیت 6 ملزم گرفتار

پنگریو/ماتلی(نمائندگان امت) ضلع بدین میں پولیس نے مختلف مقامات پر کاروائیاں کرکے 3 وہیکل لفٹرزسمیت 6 ملزمان گرفتار کرلیے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، 21 مسروقہ موٹر سائیکلیں، ایک بولان کیری اور ایک رکشا برآمد۔ تفصیلات کےمطابق ایس ایس پی بدین شاہنواز چاچڑ کی ہدایات پروہیکلز لفٹر گینگز کی گرفتاری کیلئے اے ایس پی ماجدہ پروین ہالیپوٹو کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے مختلف مقامات پر ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران مختلف گینگز کے 3 کارندے گرفتار کرلیے جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، 21 مسروقہ موٹر سائیکلیں، ایک رکشا اور ایک بولان کیری برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان میں غلام حسین عرف سونو کھوکھر،عرفان بھٹی اورلطیف خاصخیلی شامل ہیں۔ جبکہ دیگر کارروائوں میں پولیس نےجرائم گینگ کے 2 ملزمان غلام رسول کپری اور جمال کپری کو ایک عدد مسروقہ 125 موٹر سائیکل اور30 بور پسٹل کے ہمراہ گرفتار کرلیا۔ جبکہ مقابلے کے بعد ملزم رمضان عرف رموں بچانی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ایک بولان کیری اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔