حکومت میں شامل ایم کیوایم کس کے خلاف احتجاج کررہی ہے؟آفاق احمد

کراچی(امت نیوز)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کس کے خلاف احتجاج کرنے جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم پہلے حکومت سے تو الگ ہو۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان  وزارتیں انجوائے کررہی ہے، تو پھر احتجاج کس کے خلاف ہے؟ شہر میں تواتر کے ساتھ اسٹریٹ کرائم بڑھا ہے۔

آفاق احمد نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم اور بےامنی میں غیرقانونی طور پر کراچی آنے والوں کا ہاتھ ہے۔ حکومت فوری طور پر مزید کچی آبادی بننے سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں کراچی کے شہریوں کو دانستہ طور پر کم شمار کیا گیا۔ کراچی کی آبادی ایک کروڑ 60 لاکھ دکھائی گئی ہے۔ جبکہ کراچی میں رجسٹرڈ ووٹرز 87 لاکھ ہیں تو آبادی ڈھائی سے پونے 3 کروڑ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مردم شماری بین الاقوامی غیرجانبدار مبصرین کی موجودگی میں ہونی چاہیے۔ ہم آئی ایم ایف کی تمام وہ شرائط مانتے ہیں جن سےعام آدمی کانقصان ہوتا ہے۔