کراچی،چور نے عوام سے بچنے کے لئے چوتھی منزل سے چھلانگ لگادی

کراچی: موٹر سائیکل چور نے عوام سے بچنے کے لئے عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی۔ معروف تجارتی علاقے کی سڑک ایم اے جناح روڈ پر موٹر سائیکل چور نے عوام سے بچنے کے لئے عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی، تاہم خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی۔

پولیس کے مطابق مبینہ چور زوہیب موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو رہا تھا، اور موٹر سائیکل کے مالک نے اسے چوری کرتے دیکھ لیا، اور شور مچا دیا، جس پر چور گھبرا گیا اور عوام کے تشدد سے بچنے کے لئے اس نے بھاگنا شروع کردیا، اور جوبلی مینشن بلڈنگ میں گھس گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ عوام کی بڑی تعداد چور کا پیچھا کرتے ہوئے عمارت میں گھس گئی، جس پر چور نے ڈر کر چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی لیکن تاروں میں اٹکنے کے باعث جان بچ گئی، اور جیسے ہی چور نیچے گرا تو عوام نے اسے پکڑ لیا، اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

حکام کا کہناہے کہ عوام کے تشدد سے چور بری طرح زخمی ہو گیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے عوام سے چھڑایا اور سول اسپتال منتقل کردیا۔