کراچی: فائرنگ سے 2 افراد قتل، خون میں لت پت لاش ملی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور معصوم بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے،جب کہ گھر سے خون میں لت پت لاش ملی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے علاقے غازی آباد کے سیکٹر 11 میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ عباسی اسپتال میں مقتول کی شناخت 25 سالہ احد حسین ولد اختر حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی طور پر یہ اطلاع دی گئی تھی کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آیا،تاہم بعد میں پولیس کی تحقیقات نے ڈکیتی مزاحمت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کا موبائل فون اور پرس موجود ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول فیکٹری میں مزدور تھا اور واقعہ اس وقت پیش آیا،جب وہ معمول کے مطابق فیکٹری جارہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اسے گولی مار کر قتل کردیا۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی پر پیش آیا ہے۔مقدمہ درج کرلیا گیا۔اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید بختاور روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ آفاق احمد ولد ایوب خان جاں بحق ہوگیا۔ایس ایچ او خالد عباسی کے مطابق مقتول کا تعلق خیبر پختون سے تھا اور واقعے کے بعد ورثا سامنے آئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی دشمنی چل رہی ہے اور شبہ ہے کہ اس کے پیچھے وہی لوگ ملوث ہوں۔ورثا کا کہنا ہے کہ وہ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ سے ایک ادھیڑ عمر شخص کی خون آلود لاش ملی،جس کی شناخت 55 سالہ آنچر ولد قاسم کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ متوفی کو ذاتی تنازع پر چاقو مارکر قتل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ گھر کے اندر ہوا ہے اور نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر اسے قتل کیا۔مقتول کا اندرون سندھ زمین کا تنازع بھی چل رہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اسی کی کڑی معلوم ہوتا ہے۔بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن بار بی کیو ٹو نائٹ کیفے کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کی زد میں آکر 2 سالہ علی اسد زخمی ہوگیا۔مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاون فقیر کالونی میں نزد واجد علی چوک کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 42 سالہ سلطان خان زخمی ہوگیا۔ایس ایچ او زاہد لودھی کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ واقعہ ذاتی دشمنی ہے۔