کراچی: سرکاری گاڑی چوری کرنے کے الزام میں دو کار لفٹر کو گرفتار

کراچی( اسٹاف رپورٹر) شاہراہ نور جہاں پولیس نے سرکاری گاڑی چوری کرنے کے الزام میں دو کار لفٹر کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان کی شناخت سہیل علی ولد شوکت علی اور عمران بلوچ ولد عثمان بلوچ کے ناموں سے ہوئی۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے گذری تھانے کی حدود سے چوری کی گئی کار سوزوکی سوئفٹ، ایک عدد ٹی ٹی پستول 30 بور ،لوڈ میگزین،ایک عدد موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ملزمان سے برآمدہ کار نمبری BLU-540 سوزوکی سوئفٹ کی جانچ پر اسکا اصل نمبر GSE-522 معلوم ہوا جو کہ گذری کے علاقے سے چوری کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ کلفٹن،کورنگی، لانڈھی، گذری، سرسید، خواجہ اجمیر نگری، بلال کالونی، تیموریہ اور گلبرگ کی حدود میں کاریں چوری کرچکے ہیں،ملزمان نے واردات کے بارے میں بتایا کہ وہ پرانی اور کافی عرصے سے کھڑی گاڑیوں کو جن میں دھول مٹی لگی ہو اسے لفٹر اور مزدا کے ذریعے چوری کرکے لیجاتے ہیں،بعدازاں ملزمان اس گاڑی کو منگھوپیر میں اپنے ساتھی زاہد کباڑی کو بیچ دیتے ہیں جو ان سے 70 سے 80 ہزار روپے میں خرید لیتا ہے۔گرفتار ملزمان درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے جبکہ اس سے قبل بھی اے وی ایل سی کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔