پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلیے ریٹرنگ افسران تعینات

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات کیلیے آر اوز اور ڈی آراوز اور اے آراوز کی تعیناتی کردی۔

پنجاب میں 30 اپریل کو انتخابات شیڈول ہیں، جس کی تیاریاں جاری ہیں، اب الیکشن کمیشن نے صوبے کے انتخابات کیلیے آر اوز اور ڈی آراوز اور اے آراوز کی تعیناتی کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں انتخابات کیلیے 36 ڈی آراوز اور297 آراوز تعینات کردیے گئے ہیں، آر اوز اور ڈی آر اوز بیورو کریسی سے لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلیے 594 اے آر اوز کی بھی تعیناتی کرلی گئی ہے جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلیے بھی آراوز تعینات کردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کیلیے ووٹنگ 30 اپریل کو کرائی جائے گی، ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پبلک نوٹس 11 مارچ کو جاری کیا جائے گا، امیدوار 12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 15 مارچ کو جاری کی جائے گی، جبکہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 22 مارچ تک کی جائے گی۔ جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اعتراضات 3 اپریل تک دائر کئے جا سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی حتمی فہرست 4 اپریل کو جاری کرے گا، امیدوار 5 اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جب کہ ریٹرننگ آفیسر 6 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کرے گا۔