ایم پی اے کے فرزند کے قافلےپر حملہ،2 محافظ جاں بحق

کوئٹہ(امت نیوز) بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے فرزند میر سردار خان رند کے قافلے پر حملے میں دو محافظ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سردار رند کے قافلے کو ڈھاڈر کے علاقے نوشمان میں نشانہ بنایا گیا، دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جاں بحق افراد اور زخمیوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سردار خان رند کے قافلے پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے دونوں محافظوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔