پاکستان کا ترکیہ اورشام کیلئے ایک اور امدادی بحری جہاز روانہ

کراچی (امت نیوز) پاکستان کی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سامان سے بھرا ایک اور بحری جہاز روانہ کر دیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پراین ڈی ایم اے کی ترکیہ اورشام کے زلزلے سے متاثرہ لوگوں کےلیےمسلسل امدادی کارروائیاں جاری ہیں، این ڈی ایم اے نےمزید550 ٹن امدادی سامان پاکستان نیوی کے بحری جہاز کے ذریعے زلزلہ زدہ ترکیہ اور شام کے لیے آج روانہ کیا۔
بحری جہازکی روانگی کے موقع پرچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو اور کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل فیصل عباسی نے شرکت کی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق جہاز میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے 2625 موسم سرما کے بڑے خیمے اور 38370 کمبل شامل ہیں، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 179 ٹن امداد میں 22000 کمبل سمیت 144 ٹن عطیات شامل ہیں۔
دونوں ممالک کے لیے امدادی سامان لے جانے والا جہاز 23مارچ کو ترکیہ اور 31 مارچ کو شام پہنچے گا، اس سے قبل 28 فروری کو این ڈی ایم اے نے PNS نصر کے ذریعے دونوں ممالک کے لیے 1000 ٹن کا پہلا سمندری کارگو روانہ کیا تھا۔
این ڈی ایم اے نے اب تک 2812 ٹن امدادی سامان دونوں ممالک کو روانہ کیا ہے، سامان میں موسم سرما کیلئے رہائشی خیمے، کمبل، راشن بیگ اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں، این ڈی ایم اے نے اب تک ہر ممکن ذرائع آمدورفت بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سامان دونوں ممالک میں پہنچایا ہے۔