کراچی: اورنگی ۔ لیاقت آباد سے 5 جرائم پیشہ گرفتار۔ اسلحہ برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رینجرزاورپولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران منشیات فروش اورجرائم میں ملوث 5 ملزم کوگرفتارکرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ، ترجمان کےمطابق رینجرزاورپو لیس نےاورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی، چوری، اسٹریٹ کرائم اورمنشیات فروشی میں ملوث 3 ملزمان حکمت اللہ عرف بادام،ظاہرشاہ اورعبدالرشیدعرف اکبرکوگرفتارکرلیا۔ ملزمان پارکنگ ایریا سے موٹرسائیکلیں چوری کرنے کے بعد بلوچستان کےعلاقے چیکوباغ لیجاکرمنشیات فروشوں کو فروخت کرکے ان سے چرس اورآئس خرید کرکراچی کےمختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔

علاوہ ازیں اورنگی اورسائیٹ ٹاؤن میں کاروباری لوگوں کو بینک سے پیسے لینے یا جمع کروانے جاتے وقت لوٹتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے100سے زائد ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں 150سے زائد موبائل فون اور 5لاکھ روپے سے زائد نقدی رقم لوٹنے کا اعتراف کیاہے۔ دوسری کارروائی میں ایف سی ایریا لیاقت آباد سے چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان کاشان (سرغنہ) اوررشید عرف نوید بھنگی کو گرفتارکرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان کا تعلق جناتی ڈکیت گروہ سےہے 2013 سے کراچی کے مختلف علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی 250 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ کرائے پر فراہم کرنے میں بھی ملوث ہیں ۔ ملزمان عادی مجرم ہیں اورمتعدد بارگرفتارہوکرجیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارہے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔