کراچی : سرجانی میں ڈاکوؤں نے نوجوان کی جان لے لی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور ایک شہری زخمی ہوگیا ، امسال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکارسمیت جاں بحق ہونے والے افرادکی تعداد 34ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر فور بی مریم شادی لان کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 30سالہ سجاد ولد محمد اکبر کو سینے پر گولی مارکر قتل کردیااور فرار ہوگئے ، اس اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا ، پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو ایمبولینس کی مددسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

عینی شاہد کا دعویٰ ہے کہ مقتول کو ڈاکوؤں نے لوٹ مارکے دوران سجاد کو گولی ماری۔عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ مقتول نوجوان فٹ پاتھ پر کھڑا تھا کہ ون ٹو فائیو موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکو آئے اورانھوں نے موبائل فون اور پرس چھیننے کی کوشش کی نہ دینے پر ملزمان نے ایک گولی سینے پر ماری اور ون ٹوفائیو موٹرسائیکل پر فرارہوگئے،گولی لگنے کے بعد نوجوان چند قدم چلا اور سڑک پر پر گر گیا،مقتول نوجوان سجاد کے دوست نے عباسی شہید اسپتال میں بتایاکہ سجاد سرجانی ٹاؤن میں واقع شادی ہال میں منعقدہ دعوت افطار میں شرکت کے لئے آیا تھا۔ سجاد نے مجھے فون کال کرکے کہا کہ مجھے آکر لے جاؤ،سجاد میرے انتظار میں فٹ پاتھ پر کھڑا تھا کہ اس دوران ڈاکو آگئے جہاں مذکورہ واقعہ رونما ہوا۔پولیس کے مطابق مقتول سجاد غیر شادی شدہ اور نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف کا رہائشی تھاجبکہ پاور لوم کا کام کرتا تھا۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر سی فائیو میں شاہ ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نےفائرنگ کرکے 22سالہ نعیم سمیر کو زخمی کردیا جسکو سول اسپتال منتقل کیا گیا پولیس حکام کے مطابق مذکورہ واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آیا تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔