عیدالفطر پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر کارروائیاں تیز

کراچی(امت نیوز) وزیر اطلاعات،  ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر عیدالفطر پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر کارروائیاں تیز کر دی گئیں،سیکریٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی امیت دیو ناروانی نے زائد کرایہ وصول کرنے پر پبلک ٹرانسپورٹ کی 16 کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے دوران مذکورہ ٹرانسپورٹ کمپنیاں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے میں ملوث پائی گئیں۔

سیکریٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 16 کمپنیوں کے روٹس کے اجازت نامے معطل/ منسوخ کرنے کی وارننگ جاری کردی۔انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی 16کمپنیوں میں   اے کے سی،المدینہ،کے سی ایس،  جیوفرحان کوچ سروس کے خلاف عوامی شکایات پر وارننگ جاری کی گئی،عمیرموورز ، جیوفیضان، شالیمارایکسپریس بھی زائد کرایہ وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔  اے کے جی،جیوفرحان،خان موورز، جیولاڑکانہ بھی مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے میں شامل تھیں ۔

اس کے علاوہ گزشتہ رات سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی امیت دیو ناروانی نے صدر کے علاقے میں کارروائی میں 3 پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے دفاتر سیل کر دیئے ۔ مجموعی طور پر کراچی میں 149 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی اور مسافروں کو 469000 روپے واپس کئے گئے ۔ نوشہرو فیروز میں ڈپٹی کمشنر شاہزیب شیخ نے سکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ضمیر بروھی اور موٹر وے پولیس کے ہمراہ مورو ٹول پلازہ پر کارروائی کرتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 55000 روپے جرمانہ عائد کیا اور مسافروں کو 100000 روپے سے زائد واپس کرائے ۔ مٹی اسلام کوٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عرفان اللہ نے کارروائی میں ٹرانسپورٹرز پر 2500 روپے جرمانہ عائد کیا اور مسافروں کو 11500 روپے واپس کئے ۔