کراچی : سرجانی میں سلنڈر دھماکے سے بچوں سمیت 4 زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں گیس سلنڈر کے دھماکے میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہوگئے،جبکہ لانڈھی مجید کالونی میں گھر میں آتشزدگی کے دوران جھلس کر میاں بیوی زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر فورڈی کے ایک گھر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سحری کی تیاری کے دوران گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جسے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دھماکا اتنا شدید تھا کہ کچن کی دیوار گر گئی، دھماکے کی آواز سن کر علاقہ مکین موقع پر پہنچے ۔

پولیس اور رینجرز نے علاقہ مکینوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور آگ سے جھلسنے والوں کو اسپتال منتقل کیا، جھلس کر زخمی ہونے والوں کی شناخت 51 سالہ عبدالرحمان ولد محمد عرفان، ان کی اہلیہ 40 سالہ سمیرا اور ان کے دو بچوں 15 سالہ فزا اور 12 سالہ محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے،زخمی ہونے والی خاتون سمیرا اور ان کی بیٹی فزا کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے،پولیس حکام کے مطابق دھماکا سلنڈر سے گیس لیکج کے باعث پیش آیا، مزیدجانچ کا عمل جاری ہے۔

علاوہ ازیںقائدآباد کے علاقے لانڈھی مجیدکالونی کالا پانی کے قریب گھر میں آگ بھڑک اٹھی جسے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھا دیا ،تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں میاں بیوی جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے سول اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں ان کی شناخت 35سالہ محمد عمر ولد محمد اسحاق اور 30سالہ تانیہ زوجہ محمد عمر کے ناموں سے کی گئی، پولیس حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ۔